اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے گلگت بلتستان چلاس میں مسافر بس پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں نہتے شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ہفتے کی رات گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں ہڈور کے مقام پر افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جس میں نامعلوم افراد نے بس پر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 9 مسافر جاں بحق اور 26 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کی جانب سے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے اور زخمی افراد کے اہلخانہ کیلئے صبر کی دعا کی گئی ہے۔ اپنے بیان میں انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ معصوم نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا دہشت گردوں کی بزدلی کا ثبوت ہے۔ انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے امن کو سبوتاژکرنے کی مذموم کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔