نواز شریف

نواز شریف نے آزاد امیدوراوں سے رابطے کیلئے کمیٹی قائم کردی

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے حکومت بنانے کی کوششیں تیز کردی گئیں اس ضمن میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے آزاد امیدوراوں سے رابطے کے لیے 3 رکنی کمیٹی قائم کردی۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف سے سابق وزیراعظم شہبازشریف نے ملاقات کی۔شہبازشریف نے آصف زرداری سے ہونے والی ملاقات میں پیش رفت سے نواز شریف کو آگاہ کیا۔نواز شریف نے آزاد امیدوراوں سے رابطے کے لیے 3 رکنی کمیٹی قائم کردی، کمیٹی میں اسحاق ڈار، سردار ایاز صادق اور رانا ثناء اللہ شامل ہیں۔مسلم لیگ (ن )کے قائد نواز شریف نے کمیٹی کو آزاد امیدواروں سے رابطے تیز کرنے کا ٹاسک دے دیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے شہباز شریف کو بھی آزاد امیدواروں سے رابطے کرنے کا ٹاسک سونپ دیا۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان اور ایم کیو ایم پاکستان کے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے بھی ٹیلی فونک رابطے کیے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی ہدایت پر مسلم لیگ ن کی کمیٹی آزاد اراکین سے رابطے کرے گی، جنہیں مسلم لیگ ن میں شمولیت کی باقاعدہ دعوت اور ترغیب دی جائے گی۔مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والے آزاد اراکین کو وزارتوں، مختلف محکموں کی سربراہی سمیت دیگر ترغیبات دی جائیں گی۔