مینا کماری

مینا کماری کے سوتیلے بیٹے نے شرمین سیگل کو سخت الفاظ میں جواب دیدیا

ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)آنجہانی اداکارہ مینا کماری کے سوتیلے بیٹے تاجدار امروہی نے ہیرامنڈی کی اداکارہ شرمین سیگل کو سخت الفاظ میں جواب دے دیا۔فلمساز سنجے لیلا بھنسالی کی ہیرا منڈی آن لائن پلیٹ فارم پر دیکھی جارہی ہے، جو سب سے زیادہ دیکھا جانے والا بھارتی شو بن چکا ہے۔اداکارہ نے ہیرا منڈی میں عالم زیب کا کردار نبھایا، دیکھنے والوں نے جہاں دیگر تمام اداکاروں کی پرفارمنس کی تعریف کی گئی وہیں، شرمین سیگل کو ہدف تنقید بنایا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق میناکماری کے سوتیلے بیٹے نے شرمین سیگل کی طرف سے ہیرامنڈی کی اپنی پرفارمنس کو پاکیزہ میں مینا کماری کی اداکاری سے متاثر قرار دینے پر ردعمل دیا۔کمال امروہی کے صاحبزادے تاجدار امروہی نے استفسار کیا کہ کیا فلم پاکیزہ کا موازنہ اب ہیرا منڈی جیسے شوز سے کیا جائے گا؟انہوں نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ہیرامنڈی اور پاکیزہ کے درمیان زمین اور آسمان کا فرق ہے، دونوں کا موازنہ نہ کیا جائے۔

تاجدار امروہی نے مزید کہا کہ کوئی بھی دوبارہ پاکیزہ نہیں بناسکتا، نہ ہی مینا کماری اور کمال امروہی دوبارہ جنم لے سکتے ہیں، میں زیادہ نہیں کہنا چاہتا، دراصل بھنسالی میرے والد کے بڑے مداح ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 15 برس قبل سنجے لیلا بھنسالی کمالستان اسٹوڈیو آئے تھے، انہوں نے والد صاحب سے متعلق پوچھا، اس زمین کو بڑے احترام کے ساتھ چھوا جہاں کمال امروہی بیٹھتے تھے۔تاجدار امروہی نے یہ بھی کہا کہ میری بھنسالی سے وہ آخری ملاقات تھی ، میری رائے ہے کہ ہر چیز کا اپنا مزہ ہوتا ہے، کچھ لوگوں کے نزدیک پاکیزہ سے زیادہ بہتر ہیرامنڈی ہوسکتی ہے۔