سینیٹرمشتاق احمد

ملک 80ہزار ارب کا مقروض ہے، سالانہ پانچ ہزار ارب کی کرپشن ہوتی ہے سینیٹرمشتاق احمد

مکوآنہ (رپورٹنگ آن لائن)جماعت اسلامی کے مرکزی راہنماسینیٹرمشتاق احمدخاںنے کہاہے کہ اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود جماعت اسلامی نے عوامی خدمت کی مثالیں قائم کیں، ملک میں وسائل کی نہیں قیادت کی کمی ہے، صرف جماعت اسلامی قوم کو اہل اورایماندار قیادت دے سکتی ہے۔

قوم سابقہ حکمرانوں کے جعلی دعوئوں سے تنگ آچکی ہے، ان کے پاس کارکردگی دکھانے کو کچھ بھی نہیں، یہ اب پھر جھوٹے وعدے کررہے ہیں، ن لیگ گزشتہ تین دہائیوں سے اقتدار میں ہے، پیپلز پارٹی نے سندھ پر15برس حکومت کی، بہتری لانے کے لیے اتنی مدت کافی ہوتی ہے، یہ حکمران جلسوں میں اپنی کارکردگی بتائیں۔

حقیقت یہ ہے کہ ان کی کارکردگی زیرو ہے، ان کی وجہ سے ملک 80ہزار ارب کا مقروض ہے، سالانہ پانچ ہزار ارب کی کرپشن ہوتی ہے تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد کے علاقہ باوا چک میں پی پی 110سے امیدوار انجینئرامجدقیوم پراچہ کے انتخابی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے گیا انہوں نے کہاکہ ملک میں نام نہاد جمہوری پارٹیوں کے اقتدار اور مارشل لاء کے تجربات ہوئے،

مگر یہاں قرآن و سنت کا نظام نافذ نہیں ہوسکا۔پاکستان میں اسی صورت میں خوشحالی اور امن قائم ہو گا اگر اہل پاکستان اسلامی نظام کے حق میں ووٹ دیں گے۔ 8فروری قوم کے پاس موقع ہے کہ جماعت اسلامی کے حق میں فیصلہ دے کر ملک میں اسلامی نظام کے قیام کی راہموار کرے۔اس موقع پرضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ،صدر ڈسٹرکٹ بارمیاں انوارالحق ایڈووکیٹ،امیدوار این ای104راناسکندراعظم،امیدوار پی پی109زفرادریس جنجوعہ،کالم نگار حسین پراچہ و دیگربھی موجود تھے۔

سینیٹرمشتاق نے کہا کہ سابقہ حکمران پارٹیوں نے کشمیر کا سودا کیا، یہ ڈاکٹر عافیہ کو واپس نہ لاسکے، انہوں نے امریکہ کی ناراضی کے خوف سے فلسطین میں ظلم کے خلاف کوئی احتجاج نہیں کیا، انہوں نے سود جاری رکھا، آج پاکستان میں شرح سود بائیس فیصد، بھارت مین سات فیصد سے بھی کم ہے، ایک اسلامی ملک کے لیے یہ شرم کا مقام ہے،

آئین پاکستان اور وفاقی شرعی عدالت کے فیصلہ کے باوجود ملک میں سودی نظام جاری رکھنے والی یہی سابقہ حکمران پارٹیاں ہیں، جماعت اسلامی نے سود کے خلاف طویل جنگ لڑی، اقتدار میں آکر سودی معیشت پر پابندی لگائیں گے۔