ملکی معیشت

مسلم لیگ (ن ) کا یہ دعویٰ درست نہیں کہ انہوں نے حکومت چھوڑی تو ملکی معیشت بہت مضبوط تھی،شہباز گل

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن ) کا یہ دعویٰ درست نہیں کہ جب انہوں نے حکومت چھوڑی تو ملکی معیشت بہت مضبوط تھی۔ ڈاکٹر شہباز گل نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کی وڈیو اپ لوڈ کرتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ یہ دعویٰ کرتی ہے کہ جب ہم نے حکومت چھوڑی تو ملکی معیشت بہت مضبوط تھی،

احسن اقبال 2019ءمیں فرما رہے تھے کہ موجودہ حکومت کو آتے ہی پہلے3 ماہ میں عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے پاس چلے جانا چاہیے تھا۔اگر معیشت ٹھیک ہو چکی تھی تو آئی ایم ایف کے پاس کیا لندن فلیٹس کی رسیدیں لینے جانا چاہیے تھا۔

اپنے ایک اور ٹویٹ میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری کے حکومت پر الزامات پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان سعید بسرا کے ٹویٹ کے جواب میں انہوں نے کہا کہ طلال چوہدری سپریم کورٹ سے بدتمیزی کا سرٹیفیکیٹ لے چکے ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا ہے کہ پی پی اور( ن) لیگ نے اپنے زمانے میں جعلی سندوں اورجعلی سرٹیفکیٹس پر پائلٹ بھرتی کئے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے پائلٹس کے خلاف کارروائی کا شرف بھی موجودہ حکومت کو حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر محکمے میں کرپشن اور گندگی ہے اور وزیر اعظم عمران خان کو ایک ایک چیز ٹھیک کرنا پڑ رہی ہے۔