واشنگٹن(رپورٹنگ آن لائن) پینٹاگون کی جانب سے دارالحکومت واشنگٹن میں مجسموں پر حملوں کو روکنے کے لیے 400 فوجی تعینات کرنے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مظاہرین کو خبردار کیا ہے کہ مجسموں کو نقصان پہنچانے والے کو 10 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز مظاہرین پر الزام عائد کیا کہ اب ان کی نظر امریکہ کے پہلے صدر جارج واشنگٹن، امریکہ کے تیسرے صدر تھامس جیفرسن، 16ویں امریکی صدر ابراہام لنکن اور دیگر مجسموں پر ہے لہذا اب مجسموں پر حملہ کرنے والوں کو 10 سال قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک وہ صدر ہیں تب تک ایسا نہیں ہونے دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ مظاہرین نے نسلی پرستی کے خلاف مظاہروں کے دوران دارالحکومت واشنگٹن میں کچھ روز میں کئی مجسموں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی اور یہی نہیں پیر کو مظاہرین نے وائٹ ہاﺅس کے باہر سابق امریکی صدر اینڈریو جیکسن کے مجسمے کو گرانے کی ناکام کوشش کی۔
امریکی وزیر داخلہ ڈیوڈ برن ہارڈٹ نے سابق امریکی صدور، غیرملکی اور امریکی جنگی ہیروز اور دیگر شخصیات کے مجسموں کے تحفظ کے لیے واشنگٹن میں امریکی فوج نیشنل گارڈ کے دستے تعینات کرنے کی درخواست کی۔