بینک ایمریٹس

متحدہ عرب امارات کے بڑے بینک ایمریٹس کا اپنے800 ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کرنے کا اعلان

دبئی (رپورٹنگ آن لائن) متحدہ عرب امارات کےبڑے بینک ایمریٹس (این بی ڈی) نے اپنے800 ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایمریٹس(این بی ڈی) دُبئی کا سب سے بڑابینک ہے۔خلیج ٹائمز کے مطابق بینک کے ترجمان نے بتایا کہ مستقبل میں بینک کی ضروریات اور اخراجات کو مدنظررکھتے ہوئے اس کے سٹاف میں کمی کی جا رہی ہے۔

اس مقصد کی خاطر بینک کے 800 ملازمین کی نوکریاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر جلد ہی عمل درآمد کیا جائے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کورونا کی عالمی وبا نے اماراتی فنانشل سیکٹر اور بینکنگ شعبے کو بھی معاشی بحران سے دوچار کیا ہے۔ایمریٹس NBD بھی حالیہ بحران سے متاثرہوا ہے جس کے بعد اس کے مختلف آپریشنز اور سٹاف میں کمی کی جا رہی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ موجودہ صورت حال میں بدقسمتی سے بینک کے کچھ ملازمین کی نوکریاں ختم کی جا رہی ہیں، جس کا مقصد مستقبل میں بینک کے معاملات کو مستحکم انداز سے چلانا ہے، کیونکہ موجودہ بحران کے باعث بینک کو آئندہ وقت میں مزید چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔