کراچی(رپورٹنگ آن لائن)مالی سال 2019-20ء کے ابتدائی 11 مہینوں کے دوران سبزیوں کی مصنوعات کی درآمد میں 2.13 فیصد کمی ہوئی ہے۔ا سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا مئی 2019-20ء کے دوران درآمدات کا حجم 2251.261 ملین ڈالر تک کم ہو گیا جبکہ جولائی تا مئی 2018-19ء کے دوران سبزیوں کی مصنوعات کی درآمدات کا حجم 2300.456 ملین ڈالر رہا تھا۔
اس طرح مالی سال 2018-19ء کے مقابلہ میں گذشتہ مالی سال 2019-20ء کے پہلے 11 ماہ کے دوران سبزیوں کی مصنوعات کی ملکی درآمدات میں 49.195 ملین ڈالر یعنی 2 فیصد سے زیادہ کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ایس بی پی کے مطابق غذائی اجناس کے گروپ میں سبزیوں کی درآمدات 23.93 فیصد کے اضافہ سے 380.868 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 472.022 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں۔
اسی طرح سبزیاں کاشت کرنے کے سامان کی درآمدات میں 24.17 فیصد اور سیرلز کی درآمدات میں بھی 7.62 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔دوسری جانب سبزیوں کی مصنوعات کے گروپ میں کافی، چائے اور مصالحہ جات وغیرہ کی درآمدات 5.99 فیصد کی کمی سے 593.303 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 557.709 ملین ڈالر تک کم ہو گئیں۔
اسی طرح تیل دار اجناس کی درآمدات میں 8.97 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ مزید برآں ملنگ انڈسٹری کی مصنوعات کی درآمدات بھی 31.36 فیصد کی کمی سے 20.585 ملین ڈالرز کے مقابلہ میں 14.128 ملین ڈالر تک کم ہو گئی ہیں۔