لاہور(رپورٹنگ آن لائن )مالی سال 20-2019 میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 88 فیصد اضافہ ہوا، چین 84 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ سر فہرست رہا۔تفصیلات کے مطابق مالی سال 20-2019 میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 88 فیصد اضافہ ہوا۔
رواں سال فارن ڈائریکٹ انویسمنٹ 2 ارب 56 کروڑ ڈالر رہیں۔رپورٹ کے مطابق جون میں ایف ڈی آئی 71 فیصد اضافے سے 17 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہی۔ چین 84 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ سر فہرست رہا۔رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا اور سرمایہ کاری کا حجم 2 ارب 28 کروڑ ڈالر تک جا پہنچا۔
رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری میں137 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی تا اپریل غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کا حجم 2 ارب 28 کروڑ ڈالر رہا، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ حجم صرف 1 ارب ڈالر تھا۔
چین کے بعد سب سے زیادہ سرمایہ کاری ناروے سے آئی جبکہ ہانگ کانگ سے سرمایہ کاری کا حجم 16 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا۔ ہالینڈ سے 10 کروڑ 80 لاکھ ڈالرکی سرمایہ کاری آئی جبکہ برطانیہ سے حاصل سرمایہ کاری کا حجم 10 کروڑ ڈالر رہا۔