لاہور(رپورٹنگ آن لائن )لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے مسلم لیگ ن کے ایم این اے محسن شاہ نواز رانجھا کی نیب طلبی کے خلاف دائر درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 13 جولائی تک تفصیلی جواب طلب کر لیا ۔جسٹس سیدشہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے مسلم لیگ ن کے ایم این اے محسن شاہ نواز رانجھا کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت کے روبرو محسن شاہ نواز رانجھا نے آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری کیخلاف دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ کمپلیمنٹ اور دیگر دستاویزات فراہم کئے بغیر نیب نے طلبی کے نوٹس جاری کیئے ہیں،متعدد درخواستیں دینے کے باوجود لگائے گئے الزامات سے متعلق بھی نہیں بتایا جا رہا۔
درخواست میں موقف اختیار کیاگیا کہ نیب غیر قانونی طور آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں بار بار طلب کر رہا ہے۔جبکہ تمام اثاثے ڈکلیئر کر چکا ہوں اور نیب کے پاس مکمل ریکارڈ بھی موجود ہے۔درخواست گزار محسن شاہ نواز رانجھا نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت نیب کو غیر قانونی کاروائی سے روکے۔