اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ووسٹر میں 14 روز کے قرنطینہ کے دوران دو ،دو روزہ انٹرا اسکواڈ وارم اپ میچز کھیلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم نے دو اور تین جولائی کو ٹریننگ کرنے کے بعد 4 جولائی کو آرام کیا قومی کھلاڑی ووسٹر میں 14 روز کے قرنطینہ کے دوران دو ،دو روزہ انٹرا اسکواڈ وارم اپ میچز کھیلیں گے۔
پہلا پریکٹس میچ کل اتوار5 جبکہ دوسرا 11 جولائی سے شروع ہوگا۔میچ کا آغاز صبح گیارہ بجے ہوگا ۔7 جولائی کو پاکستان کرکٹ ٹیم تین گھنٹے پر مشتمل ٹریننگ سیشن میں شرکت کریگی۔ یہ سیشن مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔
آٹھ جولائی کو پاکستان کرکٹ ٹیم تین، تین گھنٹوں پر مشتمل 2 ٹریننگ سیشنز میں شرکت کرے گی۔ یہ سیشنز مقامی وقت کے مطابق صبح 10 اور دوپہر 2 بجے شروع ہوں گے۔
نو جولائی کو پاکستان کرکٹ ٹیم تین، تین گھنٹوں پر مشتمل 2 ٹریننگ سیشنز میں شرکت کرے گی۔ یہ سیشنز مقامی وقت کے مطابق صبح 10 اور دوپہر 2 بجے شروع ہوں گے۔دس جولائی کو تین گھنٹے پر مشتمل اختیاری ٹریننگ سیشن کا انعقاد ہوگا۔
یہ سیشن مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے شروع ہوگا۔ گیارہ جولائی کو قومی کرکٹ ٹیم کا 2 روزہ انٹراسکواڈ میچ کا انعقاد ہوگا میچ کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے دس بجے ہوگا،تیرہ جولائی کو پاکستان کرکٹ ٹیم ڈربی روانہ ہوگی ۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے کہاکہ کھلاڑیوں کو بہتر حالت میں دیکھ کر بہت اچھا لگا، امید ہے سیریز میں کرکٹرز اچھا کھیلیں گے۔
وقار یونس نے کہا کہ ووسٹر میں جونہی کرکٹرز کے کویڈ 19 ٹیسٹ منفی آئے سب کرکٹرز نے فوری طور پر ٹریننگ کا آغاز کر دیا کیونکہ تین ساڑھے تین ماہ سے گراونڈ میں نہیں جا سکے تھے۔
وقار یونس نے کہا کہ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ کھلاڑی بڑی بہتر حالت میں ہیں اور انہوں نے خود کو فٹ رکھا ہوا ہے، اگرچہ وہ کھلاڑیوں سے مل نہیں سکتے تھے لیکن مختلف طریقوں سے کھلاڑیوں سے رابطہ رکھا اور ان کی رہنمائی جاری رکھی۔
انہوں نے کہا کہ پہلی امید تو یہی ہے کہ کووڈ 19 ختم ہو گا اور صورتحال نارمل ہو جائے گی لیکن اگر وائرس لمبا چلا تو ہو سکتا ہے کہ آئی سی سی کو گیند چمکانے کے لیے کوئی اور طریقہ بھی تلاش کرنا پڑے۔