سید منورحسن

غمگین چہروں، اشک بار آنکھوں اورسینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سید منورحسن کوسپردخاک کردیا گیا

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منورحسن کو ہفتہ کے روز افسردہ و غمگین چہروں، اشک بار آنکھوں اورسینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سخی حسن قبرستان میں پروفیسر غفور احمد مرحوم کے قریب سپردخاک کردیا گیا۔

نماز جنازہ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق کی امامت میں عید گاہ گراونڈ ناظم آباد میں ادا کی گئی جس میں جماعت اسلامی کے مرکزی قائدین ،دینی وسیاسی جماعتوں کے رہنما، مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ افراد ،جماعت اسلامی کے کارکنوں اور سید منورحسن سے محبت وتعلق رکھنے والے سینکڑوں افرادنے شرکت کی اور مرحوم کی دینی وسیاسی ،سماجی ،تنظیمی ،تحریکی وعلمی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔نماز جنازہ کے سلسلے میں عیدگاہ گراو نڈ میں بڑے پیمانے پر انتظامات کیے گئے تھے۔

دھوپ سے بچاو کیلئے شامیانہ لگایاگیا تھا اور داخلی راستوں پر اسپرے کیے جانے کے ساتھ سینی ٹائرز بھی فراہم کئے جاتے رہے اور شرکاء نے ماسک بھی استعمال کئے۔عید گاہ گراؤنڈ کے اطراف میں ٹریفک پولیس اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ الخدمت کے رضاکار بھی ٹریفک کنٹرول کرنے میں مصروف رہے۔