طارق عزیز

طارق عزیز دلوں میں بسنے کے ہنر سے واقف تھا’ ریشم

لاہور(شوبز رپورٹر)نامور اداکارہ ریشم نے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے ہر دن موت کے سورج کے ساتھ طلوع ہو رہا ہے لیکن 17جون کو جس شخص کے انتقال کی خبر موصول ہوئی وہ دلوں میں بسنے کے ہنر سے واقف تھا،جب وہ ایک بڑے ہال میں کھڑے ہو کر اپنی خوبصورت آواز میں یہ کہتے کہ دیکھتی آنکھوں سنتے کانوں کو طارق عزیز کا سلام پہنچے تو کوئی بھی اس آواز کی جانب متوجہ ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا تھا۔

طارق عزیز کے انتقال پر اپنے تعزیتی بیان میں ریشم نے کہاکہ میں نے اپنے بچپن سے ان کو دیکھا اور ہمیشہ ان کے سحر میں مبتلا رہی کہ یہ شخص کتنا اچھا بولتا ہے ،اس کے پاس کس قدر معلومات کا ذخیرہ ہے اور اس کا شعری ذوق تو غضب کا ہے،نیلام گھر ان کا ایسا پروگرام جس کے ساتھ ہم سب کی یادیں جڑی ہوئی ہیں،نیلام گھر اور طارق عزیز لازم و ملزوم تھے،بڑھتی ہوئی عمر کے باوجود وہ نیلام گھر جس جذبے اور جوش سے کرتے تھے وہ مجھ سمیت سب کو ہمیشہ ہی متاثر کرتا تھا۔انہوں نے کہا کہ کسی ایسے ہر دلعزیز شخص کا رخصت ہونا دل کو اندر تک ویران کر دیتا ہے۔اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت کرے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل دے ۔