طالب جوہری کی وفات

صدر ،وزیر اعظم کا طالب جوہری کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار

اسلام آباد (رپور ٹنگ آن لائن)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے ممتاز مذہبی عالم دین علامہ طالب جوہری کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ،دونوں رہنماﺅں نے مرحوم کے درجات کی بلند ی کیلئے دعا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ۔

صدر مملکت عارف علوی نے مرحوم علامہ طالب جوہری کے بیٹے اسد جوہری کو ٹیلی فون کیا ہے اور طالب جوہری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا،

صدر عارف علوی نے کہا کہ مرحوم کی دینی اور مذہبی ہم آہنگی کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندان کے برابر کے شریک ہیں،صدر مملکت نے مرحوم کے درجات کی بلندی غمزدہ خاندان کے لئے صبر جمیل کی دعاکی۔

وزیر اعظم عمران خان نے علامہ طالب جوہری کے انتقال پر اپنے گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ علامہ کے انتقال سے جو خلا پیدا ہوا ہے اس کا پر ہونا ناممکن ہے انہوں نے مرحوم کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ہے۔

دریں اثناء ملک بھر کی سیاسی سماجی اور مذہبی شخصیات نے بھی علامہ طالب جوہری کی رحلت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت کی ہے۔

وفاقی وزیر برائے بحری امورعلی زیدی، وزیر توانائی سندھ امتیازشیخ، ایم کیوایم پاکستان کے رہنماوں خالد مقبول صدیقی، عامرخان، کنورنویدجمیل، پی ٹی آئی رہنما خرم شیرزمان، آفتاب صدیقی، پی ایس پی رہنماوں انیس ایڈووکیٹ، رضاہارون، ڈاکٹرصغیراحمد، ڈاکٹرفاروق ستار، علامہ شہنشاہ نقوی، قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری، تحفظ عزاداری کونسل کے چیئرمین آغا رحیم نے بھی علامہ طالب جوہری کی وفات پر اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

اپنے علیحدہ علیحدہ بیانات میں علامہ طالب جوہری کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے ہمیشہ مذہبی ہم آہنگی میں اہم کردار ادا کرتے رہے، ان جیسی شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ علامہ طالب جوہری کی شامِ غریباں اورنشتر پارک کی مجالس ہمیشہ یاد رہیں گی، مرحوم کی علمی اوردینی خدمات کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔