لاہور (رپورٹنگ آن لائن)لاہور کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی صاحبزادی رابعہ عمران اور داماد عمران علی یوسف کے خلاف صاف پانی کمپنی کرپشن ریفرنس میں مسلسل غیر حاضری پر دونوں ملزمان کو گرفتار کرنے کے عدالتی احکامات کی تعمیل اورملزمان کے اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کرلیں۔
عدالت نے صاف پانی ضمنی ریفرنس پر کارروائی 17جولائی تک ملتوی کردی۔احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج نے رابعہ عمران ، عمران علی یوسف اور مسلم لیگ( ن) کے رہنما قمر الاسلام سمیت 13 ملزمان کے خلاف کیس کی سماعت کی۔عدالت نے نیب تفتیشی افسر کو حکم دیا کہ دونوں ملزمان رابعہ عمران اور عمران علی کی جلد گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔قبل ازیں عدالت ملزمان کو مسلسل عدم پیشی پر اشتہاری قرار دے چکی ہے۔
ہفتہ کے روز عدالتی سماعت پر ریفرنس کیس کے شریک ملزم مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے قمر الاسلام سمیت دیگر چار ملزمان عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کروائی۔صاف پانی ریفرنس میں دیگر ملزمان میں ،وسیم اجمل ،مسعود اختر، وارث علی، خالد ندیم بخاری، اظہرالدین ،سلیم اختر شامل ہیں









