استنبول (رپورٹنگ آن لائن) ترکی کے صدر طیب اردگان کا کہنا ہے کہ شہدا کے خون سے ترکی کی بنیادوں میں آزادی کی ایک نئی روح پھونکی گئی ۔ ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق فیتو دہشتگرد تنظیم کی ناکام بغاوت کی کوشش کی 4 سالہ یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس رات 251 شہدا کے خون سے ترکی کی بنیادوں میں آزادی کی ایک نئی روح پھونکی گئی جن کی مغفرت کیلئے دعا گو ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 15 جولائی کی رات آزادی کی متوالی ترک عوام نے خود کو دوبارہ سے غلامی کی زنجیروں میں مقید کرنے کی تمام کوششیں ناکام بنا دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وطن عزیز میں اذان محمدی کو خاموش کرنے، پرچم کو سرنگوں کرنے اور قومی ارادوں کو پیروں تلے کچلنے کے تمام منصوبے ناکام ہوئے اور اس قوم کے فرد واحد نے یہ ثابت کر دکھایا کہ اذان محمدی ،آزادی اور اپنے مستبقل کا دفاع کیسے کرنا ہے۔