لاہور (رپورٹنگ آن لائن) نامور اداکارہ صبا قمر نے کہا ہے کہ مجھے اس بات کا دلی افسوس ہے کہ آج تک زیبا شہنازد،شہزاد رضا ،ذوالقرنین حیدر، اسلم شیخ اور قیصر جاوید جیسے سینئر اداکاروں نے زندگی کا بڑا حصہ فن کی خدمت میں گزار دیا لیکن انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس نہیں مل سکا ۔
ایک انٹر ویو میں صبا قمر نے کہا کہ یہ تمام فنکار چار دہائیوں سے فن کی خدمت کر رہے ہیں لیکن ان کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیای ۔ میری خواہش ہے کہ ان تمام اداکاروں کو ان کی زندگی میں ہی پرائیڈ آف پرفارمنس دیا جائے کیونکہ یہ ان کا حق بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں بلا وجہ کسی کے حق میں بات کرنے کی قائل نہیں ہوں لیکن جن کا کام مجھے نظر آتا ہے ان کیلئے میں اپنی آواز بلند کرتی رہوں گی ۔
مجھے آج تک اس بات کی سمجھ نہیں آ سکی پرائیڈ آف پرفارمنس دینے کیلئے کیا معیار مقرر کیا گیا ہے ۔ اگر ہم نے اپنے فنکاروں کی قدر نہ کی تو شاید تاریخ ہمیں کبھی معاف نہ کرے۔ایسے بہت سے فنکار ہیں جو ان سینئر ز سے بعد میں آئے لیکن پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ لے اڑے اور اصل فنکاروں کو حق نہیں ملا