سعودی عرب

سعودی عرب کی مساجدمیں خطبات اور اسباق کی مشروط اجازت

ریاض (رپورٹنگ آن لائن)سعودی عرب نے مملکت بھر میں مساجد میں نمازوں کے بعد خطبات اور اسباق کی مشروط اجازت دے دی ہے اور یہ شرط یہ عاید ہے کہ تمام شرکا کو کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے عاید کردہ پابندیوں اور حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کرنا ہوگی۔

سعودی عرب کی وزارت برائے اسلامی امور اور دعوت وارشاد نے اپنی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ اسباق نمازوں کے فوری بعد پیش کیے جانے چاہییں اور ان کا دورانیہ 10 منٹ سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے جبکہ خطبات کا دورانیہ 30 منٹ سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔

وزارت نے اس بات پر زوردیا کہ تمام مساجد کو کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے پیشگی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کرنی چاہیے۔وزارت نے وضاحت کی کہ قرآن مجید کے حفظ کی کلاسیں تاحکم ثانی آن لائن جاری رہیں گی۔