اسلا م آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ سستے مکانات کی فراہمی ملک کا بڑا مسئلہ ہے ،تعمیرات کے کام میں بہت زیادہ مراعات ہیں،پیسوں کے ذرائع نہ بتانے والوں کو 31 دسمبر تک سرمایہ کاری کا موقع دیا ہے، تعمیراتی شعبے میں حکومتی مراعات سے 5 مرلے کے مکان پر خریدار کو 3 لاکھ روپے کی چھوٹ ملے گی، بلڈرز پیکیج سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
اتوار کو چیئرمین نیا پاکستان ہاسنگ اسکیم لیفٹیننٹ جنرل (ر)انور علی حیدر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ تعمیراتی صنعت میں ٹیکس چھوٹ اور دیگر مراعات کا فائدہ 31 دسمبر سے پہلے اٹھایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی کے تحت بینک نجی قرضوں میں 5 فیصد تعمیرات کے شعبے کو دینے کے پابند ہوں گے اور اس پالیسی کے تحت بینک تعمیرات کے شعبے میں سالانہ 330 ارب روپے فراہم کرسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ تعمیراتی شعبے میں حکومتی مراعات سے 5 مرلے کے مکان پر خریدار کو 3 لاکھ روپے کی چھوٹ ملے گی، بلڈرز پیکیج سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اسٹیٹ بینک اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)سہولیات فراہم کریں گے، پالیسی کے تحت بینکوں کے لیے شرح منافع کا تعین بھی کر دیا گیا ہے۔اس موقع پر چیئرمین نیا پاکستان ہاسنگ اسکیم لیفٹیننٹ جنرل (ر)انور علی حیدر نے کہا کہ تعمیرات کی صنعت میں لوگوں کو 3 بڑے مسائل تھے، جن میں ٹیکس اور فنانس کے معاملات سمیت منظوری کے مسائل بھی تھے، اب تعمیراتی شعبے کے تمام مسائل ایک ہی چھت تلے حل ہوں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر)انور علی حیدرنے کہا کہ حکومت عام آدمیوں کو سہولت دینا چاہتی تھی جو لوگ اپنے پیسوں کے ذرائع نہیں بتا سکتے انہیں 31 دسمبر تک سرمایہ کاری کا موقع دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 5 مرلے کا گھر بنانے والوں کو 5 فیصد شرح سود پر قرض دیا جائے گا اور 10مرلے کا گھر بنانے والوں کو 7 فیصد شرح سود پر قرض دیا جائے گا جب کہ تمام لوگوں کو اسلامی بینکنگ نظام کے تحت قرض کا آپشن بھی دیا جائے گا۔