کراچی(رپورٹنگ آن لائن)رواں مالی سال کے دوران پاکستانی روپے میں ملکی برآمدات کے حجم میں 8.48 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ادارہ برائے شماریات پاکستان(پی بی ایس)کے اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ مالی سال کے ابتدائی گیارہ ماہ میں جولائی تا مئی 2018-19 کے دوران پاکستانی روپے میں قومی برآمدات کا حجم 28 لاکھ 63 ہزار 885 ملین روپے رہا تھا
جبکہ رواں مالی سال میں جولائی تا مئی 2019-20 کے دوران برآمدات کا حجم 31 لاکھ 6 ہزار 723 ملین روپے تک بڑھ گیا۔اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران پاکستانی روپے میں ملکی برآمدات میں 2 لاکھ 42 ہزار 838 ملین روپے یعنی 8.48 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔دوسری جانب مئی 2020 کے دوران برآمدات کی مالیت میں 26.78 فیصد کمی ہوئی ہے۔
پی بی ایس کے مطابق مئی 2020 کے دوران دو لاکھ 23 ہزار536 ملین روپے کی برآمدات کی گئی ہیں جبکہ مئی 2019 کے دوران برآمدات کی مالیت3 لاکھ 5 ہزار303 ملین روپے رہی تھی۔اپریل 2020 کے مقابلہ میں مئی 2020 کے دوران برآمدات میں 42.01 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اپریل 2020 کے دوران ایک لاکھ 57 ہزار412 ملین روپے کی برآمدات کی گئی تھیں۔