کراچی(رپورٹنگ آن لائن) مقبول اداکارہ رباب ہاشم نے اپنے پروجیکٹ ’’قرار‘‘کی شوٹنگ شروع کردی ہے، اس نئے ڈرامہ میں وہ میکال ذوالفقار، منیب بٹ اور صنم جنگ سمیت دیگر اداکاروں کے ہمراہ نظر آئیں گی۔
ہمہ جہت اداکارہ کو سال 2019کے بلاک بسٹر ڈرامہ ’’کم ظرف‘‘کے بعد کیریئر کے دوسرے ہٹ ڈرامہ ’’میرے محسن‘‘میں دیکھا گیا تھا۔ یاد رہے کہ دونوں سپر ہٹ ڈرامے ایک ہی سال میں نشر کئے گئے تھے جبکہ ڈرامہ ’’قرار‘‘معروف اداکارہ کی چھوٹی اسکرین پر ایک بار پھر واپسی کا ذریعہ ثابت ہوگا جہاں وہ مقبول ترین کاسٹ کے ہمراہ مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوں گی۔
اپنے اس نئے پراجیکٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میری ہمیشہ سے کوشش ہوتی ہے کہ جو کردار میں نے اٹھایا ہے، اسے ایک چیلنج کے طور پر اداکرنے کی کوشش کروں کیونکہ میں بطور اداکارہ یہ سمجھتی ہوں کہ یہ میری اداکاری کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ مجھے بہت خوشی ہے اور میں اس پروجیکٹ کا حصہ بننے پر واقعی بہت پرجوش ہوں کیونکہ یہ ایک بہت بڑی اور زبردست کہانی ہے اور میں اپنے مداحوں سے بھی یہی کہوں گی کہ وہ اس ڈرامے کو ضرور دیکھیں، اب میرے لیے بھی اس ڈرامے کے لیے صبر کرنا مشکل ہوگیا ہے۔
ڈرامہ ’’قرار‘‘ایم ڈی پروڈکشنز کا پروجیکٹ ہے، جسے پروڈیوس اور ہدایات برکت صدیقی نے دیں ہیں، ڈرامہ نجی ٹی وی سے نشر کیا جائے گا۔