کراچی(رپورٹنگ آن لائن)داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے فیصلہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر طلباء کو تعلیمی نقصان سے بچانے کیلئے اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی آن لائن کلاسز سے متعلق تمام گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کرتے ہوئے آج (پیر 6جولائی 2020ء) سے نئے سیشن کی آن لائن کلاسز (صرف تھیوری) کا آغاز ہورہا ہے۔
مذکورہ فیصلہ گزشتہ روز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی کی زیر صدارت ہونے آن لائن اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں کیا گیا جس میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر پیر روشن دین شاہ راشدی ، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو ، اکیڈمک کوآرڈینٹر ڈاکٹر دوست علی خواجہ ، رجسٹرار سید آصف علی شاہ، این ای ڈی یونیورسٹی کے ڈین برائے سول انجینئرنگ ڈاکٹر اسد الرحمن خان ، جامعہ کراچی کے ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ڈاکٹر محمد اقبال ، امریکاسے میساچوسٹ کے سیمن راک بارڈ کالج کی ڈائریکٹر برائے ایڈوانس اسٹڈیز ڈاکٹر اسماء عباس ، جامعہ داؤد کے تمام شعبہ جات کے چیئرپرسنز ، کنٹرولر ایگزمینشن، ڈائریکٹر پوسٹ گریجویٹ اسٹڈیز ، ڈائریکٹر کیو ای سی نے آن لائن شرکت کی۔
6جولائی سے اسپرنگ سیمسٹر 2020ء کے جن کورسز کی آن لائن تھیوری کلاسز کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں بیچ 2016ء کا 10واں سمسٹر (صرف بیچلر آف آرک پروگرام ) ، بیچ 2017ء کا 8واں سمسٹر ، بیچ 2018ء کا چھٹا سمسٹر ، بیچ 2019ء کو چوتھا سمسٹر اور بیچ 2019ء کا دوسرا سمسٹر شامل ہیں۔ واضح رہے کہ لاک ڈاؤن سے قبل گزشتہ تعلیمی سیشن کی صرف 2ہفتے کی کلاسز رہ گئی تھیں جس کی آن لائن کلاسز کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا ان میں بیچ 2016ء کا 9واں سمسٹر (صرف بیچلر آف آرک پروگرام) اور تمام بی ای پروگرام برائے بیچ 2017ء کا ساتواں سمسٹر شامل تھا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں جاری بی ایس ، ایم ای اور پی ایچ ڈی پروگرام کی آن لائن کلاسز کا انعقاد بورڈ آف اسٹڈیز اور ایڈوانسڈ اسٹڈیز ریسرچ بورڈ کی مشاورت کے بعد اکیڈمک کونسل کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے کہا کہ ہائیرایجوکیشن کمیشن کے گائیڈ لائنز کے بعد آن لائن کلاسز کے تمام تکنیکی امور اور انتظامات مکمل کئے گئے جس کیلئے اکیڈمک کمیٹی اور ٹیکنیکل کمیٹی کے انتھک کاوشیں قابل ستائش ہیں ، کورونا وائرس کی عالمی وباء نے ہر شعبہ کو متاثر کیا ہے جس میں شعبہ تعلیم سرفہرست ہے لیکن ہم اپنی کاوشوں سے کورونا وائرس کی وجہ سے طلباء کا تعلیمی نقصان نہیں ہونے دیں گے۔