طلال چوہدری

حکومت کو مزید مہلت دی گئی تو ملک کےلئے خطرناک ہوگا، طلال چوہدری

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن ) مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ اسمبلی کو مزید چلایا گیا تو ملک کا نقصان ہوگا، نئے الیکشن اورمینڈیٹ کے لیے ماحول پیدا کر رہے ہیں

جبکہ پی پی پی کے رہنما قمرزمان کائرہ کا کہنا ہے کہ بجٹ کے بعد صورتحال مزید گھمبیر ہوگئی ہے، شہبازشریف نے طبیعت بہتر ہونے پر اے پی سی بلانے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

نجی ٹی وی گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ حکومت کو مزید مہلت دی گئی تو ملک کے لیے خطرناک ہوگا، حکومت کے پاس نہ ٹیم ہے نہ صلاحیت ہے، اب ایک نئے مینڈیٹ کی ضرورت ہے۔یہ حکومت اور معیشت ایک ساتھ نہیں چل سکتی، ہم نے ہمیشہ مشترکہ اپوزیشن کی بات کی ہے، ہمیشہ مشترکہ اپوزیشن کے فیصلوں پر عمل کرتے ہیں، تمام اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے طبیعت بہتر ہونے پر اے پی سی بلانے کی یقین دہانی کرائی ہے ،اپوزیشن جماعتیں اپنی حکمت عملی بنا رہی ہیں۔بجٹ کے بعد صورتحال مزید گھمبیر ہوگئی ہے، حکومت نے کورونا کے لیے کوئی مشترکہ حکمت عملی نہیں اپنائی،

وزیراعظم عمران خان نے کسی بھی چیز کا نوٹس لیاتو اس کا بحران بڑھ گیا ہے، پی ٹی آئی کے اندر بھی لوگ دباﺅ کا شکار ہیں۔