تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ

حکومت نے ابھی تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ نہیں کیا جو 15جولائی تک بند رہیں گے، وفاقی وزیر تعلیم

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت نے ابھی تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ نہیں کیا جو 15جولائی تک بند رہیں گے،

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں کے ساتھ مشاورت کے بعد اس بارے فیصلہ کرے گی انہوں نے کہاکہ گیلپ سروے کے مطابق 70فیصد والدین سکول کھولنے کے حق میں ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر تعلیم نے کہا کہ اختلاف رائے جمہوری نظام کا حصہ ہے اور سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلاف رائے معمول کا عمل ہے۔

شفقت محمود نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کے مسئلہ سے مناسب طور نمٹ رہی ہے اور مکمل لاک ڈاﺅن اس کا حل نہیں تھا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے صوبہ میں ایسا کیا مگر سندھ سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے۔ انہوں نے کہ حکومت اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کرے گی ،بلوچستان نیشنل پارٹی کا حکومت کے ساتھ رابطہ ہے اور توقع ہے کہ وہ حکومت میں دوبارہ شامل ہو جائے گی ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت بلدیاتی انتخابات کے لئے کام کر رہی ہے جو جلد منعقد ہوں گے ۔