لاہور (رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت عید الاضحی کی مناسبت تاجر تنظیموں سے پیشگی مذاکرات کرے ، تاجر انتظامیہ سے طے پانے والے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کر رہے ہیں، رش کو کم کرنے کیلئے ہفتہ اور اتوار کے روز کاروبار کی بندش کی پابندی ختم کی جائے ۔
ان خیالات کااظہار انہوںنے اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر محبوب سرکی ، میاں طارق فیروز، شہزاد بھٹی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ موجودہ حالات میں تاجر طبقہ پہلے ہی مشکلات سے دوچار ہے اس لئے حکومت سخت فیصلوں کے نفاذ کی بجائے پیشگی مشاورت کر ے ۔
حالیہ دنوں میں لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے بھی مشکلات میں اضاف ہوا ہے جس سے ہر طرح کاکاروبار متاثرہو رہا ہے۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ تذبذب کی صورتحال سے بچنے کےلئے عید الاضحی کے حوالے سے پیشگی مذاکرات کئے جائیں تاکہ کاروبارمیں کسی طرح کا تعطل نہ آئے ۔
انہوں نے کہاکہ ہمیںبھی اپنی ،ملازمین اور عوام کی جانیں عزیز ہیں اور تاجر انتظامیہ کے ساتھ طے پانے والے ایس او پیز پر سو فیصد عملدرآمد کررہے ہیں۔