لاہور(رپورٹنگ آن لائن) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ حکومت اور اتحادی ایک پیج پر ہیں مگر اپوزیشن جماعتوں کا اپنا اپنا پیج ہے ۔اپوزیشن پلان بناتی رہ جائے گی اور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کر لے گی۔
وہ گور نر ہاؤس لاہور میں علامہ آصف علوی کی قیادت میں علمائے کرام اور پارٹی وفود سے گفتگو کررہے تھے۔ گور نر پنجاب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان جیسا کوئی اور لیڈر نہیں 22کروڑ پاکستانی ان پر مکمل اعتماد کرتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ریاستی ادارے مکمل ہم ا ہنگی کے ساتھ ملک وقوم کیلئے کام ملکر کررہے ہیں اور ملک کو در پیش چیلنجز سے نمٹ رہے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے حکومت اور اتحادی جماعتیں متحد ہیں مگر حکومت کے خلاف احتجاج کے بڑے بڑے دعوے کر نیوالی اپوزیشن جماعتیں عوامی مفاد نہیں ذاتی مفادات کے تحفظ کیلئے کام کر رہی ہیں اورقوم کے سامنے یہ اپوزیشن جماعتیں مکمل طور پر بے نقاب ہو چکیں ہیں۔
گورنر نے کہا کہ انشاء اللہ ہم ملک کو عدم استحکام کا شکار کر نے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور ملک کو کامیابی سے آگے لیکر چلیں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کوروناابھی ختم نہیں ہواخطرہ موجودہے لاپرواہی نہیں احتیاط لازم ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ عید الاضحی پرکورونا پھیلاؤ روکنے کیلئے علما کو بھی اپنا کردا ر اداکر ناچاہیے احتیاط اورایس اوپیزپرعملدرآمدکرنے سے ہی کورونا کوشکست دی جاسکتی ہے۔
کورونا کے حوالے سے عوام کی کسی بھی قسم کی کوتاہی کورونا کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے اس لیے ہر صورت کورونا ایس او پیز پر عمل کر نا ہوگا۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرورنے ایل او سی پر بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائر نگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ بھارت خطے میں اَمن کو تباہ کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے اور ایل او سی پر بلااشتعال بھارتی فائر نگ بھی دہشت گردی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو چاہیے کہ وہ بھارتی دہشت گردی کا نوٹس لے اور کشمیر میں نر یندر مودی کی قیادت میں بے گناہ کشمیر یوں پر ہونیوالے مظالم کوبھی فوری طور پر بندکروانے کیساتھ ساتھ اقوام متحدہ اپنی قرار داوں پر عمل کرتے ہوئے کشمیریوں کو انکی آزادی کا حق بھی دے۔