اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) گلوکارہ حدیقہ کیانی نے ترک سیریز ’’ارطغرل غازی‘‘ کا ٹائٹل سانگ گا کر ترکی کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے انسٹاگرام پر اس ڈرامے کے ٹائٹل سانگ کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان اور ترکی کے لیے ان کی محبت ایک جیسی ہے کیونکہ ان کے آباواجداد کا تعلق ترکی کے شہر ازمیر سے ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ بچپن سے ہی ترکی سے وابستہ رہیں ہیں اور انہوں نے بچپن میں ہمیشہ ترکی میں منعقدہ بچوں کے بین الاقوامی میلے میں پاکستان کی نمائندگی بھی کی ۔
انہوں نے کہا کہ 2005 ء میں انہوں نے ’’اتاترک کلچرل سینٹر اینڈ اوپرا ہاوس‘‘ میں پاکستان کی نمائندگی کی جس میں انہوں نے ترکی کا مشہور گانا ’’سین اگلاما‘‘ گایا تھا ۔ اْنہوں نے لکھا کہ2020ء میں پاکستان میں ترک سیریز ’’ارطغرل غازی‘‘ کی کامیابی کے بعد انہوں نے ایک بار پھر ترکی کے لیے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے ترک زبان میں ’’ارطغرل غازی‘‘ کا ٹائٹل سانگ گایا ہے۔ انہوں نے مداحوں کے لئے یو ٹیوب پر اس گانے کا لنک بھی شیئر کیا۔