حاملہ خواتین

حاملہ خواتین میں کورونا وائرس کی شدت سنگین ہونے کا امکان زیادہ

واشنگٹن(رپورٹنگ آن لائن)نئے کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 سے متاثر حاملہ خواتین میں اس کی شدت بہت زیادہ اور آئی سی یو میں زیرعلاج رہنے کا امکان دیگر خواتین کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات امریکا کے طبی ادارے سی ڈی سی کے ایک تجزیے میں سامنے آئی جس میں 90 ہزار سے زائد خواتین کو شامل کیا گیا تھا۔یہ اس حوالے سے اب تک کی سب سے بڑی تحقیق ہے، تاہم اس میں واضح نہیں کیا گیا کہ اس میں شامل کتنی خواتین حمل کے باعث ہسپتال میں زیرعلاج تھیں یا کووڈ 19 حمل کے حوالے سے پیچیدگیوں کا باعث تو نہیں بنتا، مگر اس میں کافی اہم معلومات فراہم کی گئی ہیں۔

تحقیق کے دوران 8 ہزار 2 سو سے زائد حاملہ خواتین کا موازنہ 83 ہزار ایسی خواتین سے کیا گیا جو حاملہ نہیں تھیں۔تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ 31 فیصد حاملہ خواتین کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا، ڈیڑھ فیصد آئی سی یو جبکہ 0.5 فیصد کو وینٹی لیٹر پر رکھنا پڑا۔

اس کے مقابلے میں ایسی خواتین جو حاملہ نہیں تھیں ان میں ہسپتال میں زیرعلاج رہنے کی شرح 6 فیصد، آئی سی یو میں 0.9 فیصد جبکہ وینٹی لیٹر ہر 0.3 فیصد پر رہیں۔

حاملہ خواتین میں اموات کی شرح دیگر سے زیادہ نہیں دیکھی گئی۔ نئی تحقیق میں کہا گیا کہ اموات کے لحاظ سے حاملہ خواتین دیگر سے مختلف نہیں یا یوں کہہ لیں شرح بہت زیادہ نہیں۔محققین کا کہنا تھا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ حاملہ خواتین میں کووڈ 19 کی شدت دیگر کے مقابلے میں زیادہ سنگین ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔

محققین نے حاملہ خواتین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ لوگوں سے میل جول محدود کریں اور احتیاطی تدابیر جیسے فیس ماسک کا استعمال اور سماجی دوری کو اختیار کریں۔