لاہور (رپورٹنگ آن لائن) جی سی یونیورسٹی لاہور کے انڈرگریجویٹ پروگرامز میں بہار 2024کے داخلوں کا اعلان، 29جنوری سے داخلہ فارم جاری کیے جائیں گے۔
یونیورسٹی نے مین اور نئے کیمپس میں 28مضامین میں داخلوں کے لیے درخواستیں طلب کرنے فیصلہ کیا ہے، جن میں جدید تعلیمی شعبے جیسے کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس، سافٹ ویئر انجینئرنگ اور ماحولیاتی سائنس کے ساتھ ساتھ روایتی مضامین مثلاً آرٹ ہسٹری، فلسفہ، فارسی، اور اردو بھی شامل ہیں۔
یونیورسٹی بیشتر مضامین میں اوپن میرٹ کی بنیاد پر داخلے دے رہی ہے، جبکہ چند مضامین جیسے سافٹ ویئر انجنیئرنگ، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، اور کمپیوٹر سائنس میں داخلہ ٹیسٹ لازمی ہے۔ بی ایس فزیکل ایجوکیشن اور اسپورٹس سائنسز میں داخلے کے لیے بھی امتحان لازمی ہے۔
داخلہ فارم 15 فروری تک آن لائن پورٹل پر اور ایڈمیشن آفس میں جمع کروائے جا سکیں گے۔داخلہ فارم کی فیس کو نمایاں طور پر کم کرکے صرف پانچ سو روپے مقرر کی گئی ہے۔