لاہور ( رپورٹنگ آن لائن) صنعتکار رہنماوچیئرمین ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن لاہو میاں خرم الیاس نے 15ارب کی لاگت سے220کلو میٹر طویل تھر مٹیاری ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی تکمیل سے 3ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں داخل ہوگی جس سے ملک میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ میں مدد ملے گی اور بجلی کی مسلسل فراہمی سے صنعتی پہیہ مسلسل رواں دواں رہنے سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا روزگار کے ذرائع میں اضافہ سے ملک میں بڑھتی بے روزگاری کو کنٹرول کرنے میں بھی مدد ملے گی اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔
ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین سہیل اکبر،احسن منیر چاولہ وائس چیئرمین کے ہمراہ صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے وفاقی وزیر پانی و بجلی کے اس اعلان کوسراہا کہ آئند ہ امپورٹڈ وسال سے بجلی پیدا نہیں کی جائے اور آنے والے مہینوں میں بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ سستی بجلی کی فراہمی سے ہی صنعتی شعبہ ترقی کرے گا ملکی برآمدات میں اضافہ سے حکومتی برآمدی اہداف پورے ہونگے اور ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ سے حکومت کو غیر ملکی قرضوں سے نجات ملے گی۔
میاں خرم الیا س نے کہا کہ داسو بھاشا ڈیم سے سستی بجلی سسٹم میں داخل کرنے کیلئے ٹرانسمیشن لائن ایک اہم سنگ میل ہے اس سے سستی بجلی سسٹم میں داخل ہوگی اور صنعتی شعبہ کو وافر اور سستی بجلی کی فراہمی کی تکمیل یقینی ہوسکے گی۔جس سے ملک میں جاری مہنگائی کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔