لیبیا میں مداخلت

ترکی سمیت تمام غیر ملکی قوتیں لیبیا میں مداخلت روک دیں ، فرانس

پیرس(رپورٹنگ آن لائن ) فرانس نے کہا ہے کہ ترکی سمیت تمام غیر ملکی قوتیں لیبیا میں اپنی مداخلت روک دیں۔ اس حوالے سے فرانس کی خاتون وزیر دفاع فلورنس پارلی نے باور کرایا ہے کہ ان کا ملک لیبیا میں کسی بھی عسکری کیمپ کو سپورٹ نہیں کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیبیا کی فوج کے کمانڈر خلیفہ حفتر نے لیبیا میں داعش تنظیم کے انسداد میں اہم کردار ادا کیا۔پارلی نے ایک بیان میں غیر ملکی قوتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ لیبیا میں مداخلت کا سلسلہ روک دیں اور لیبیا کو ہتھیاروں کی فراہمی کے حوالے سے اقوام متحدہ کی جانب سے عائد پابندی کی خلاف ورزیوں سے گریز کریں۔

علاوہ ازیں برلن کانفرنس کے نتائج کے مطابق ایک سیاسی حل تلاش کرنے کی طرف واپس لوٹیں۔پارلی کے مطابق فرانس لیبیا میں ہتھیاروں پر عائد پابندی کی کسی بھی صورت خلاف ورزی کی مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترکی اس وقت شام سے بڑی تعداد میں اجرتی جنگجوؤں کو لیبیا لا رہا ہے۔