کراچی(رپورٹنگ آن لائن) ملیر کورٹ نے شاہ رخ جتوئی کو آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دے دیا، اور نامزد 2 ٹریول ایجنٹس کی بریت کی درخواست منظور کرلی۔تفصیلات کے مطابق کراچی کی ملیر کورٹ میں شاہ رخ جتوئی بیرون ملک فرار کیس کی سماعت ہوئی ، جیل حکام نے مجرم شاہ رخ کو پیشی پر لانے سے انکار کردیا۔
جیل حکام نے کہا ہے کیس حساس ہے،جیل میں سماعت کی جائے، محکمہ داخلہ نے بھی شاہ رخ کی نقل حرکت پر پابند عائدکی ہوئی ہے، جس کے بعد فاضل جج نے شاہ رخ جتوئی کے پروڈیکشن آرڈر جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیا۔نامزد 2ٹریول ایجنٹ نے التوا کا شکار ہونے پربریت کی درخواست دی ، عدالت نے دو نامزد ٹریول ایجنٹس کی درخواست بریت منظورکرلی اور ٹریول ایجنٹ ابوبکر اور اس کے بھائی عمر ڈومکی کو بری کردیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق شاہ رخ جتوئی نے ستائیس دسمبر دو ہزار بارہ کو شاہ زیب کوقتل کیا اور جعلسازی سے بیرون ملک فرار ہوگیا تھا۔سات جون دو ہزار تیرہ کو قتل کا جرم ثابت ہونے پر شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور کو سزائے موت جبکہ سجاد تالپور اور غلام مرتضیٰ لاشاری کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
بعد ازاں سندھ ہائی کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس میں شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیاجبکہ دوملزمان سجاد تالپوراورغلام مرتضیٰ کی عمر قید کی سزا برقرار رکھی۔