نئی دہلی (رپورٹنگ آن لائن)بھارتی ریاست اتر پردیش میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں ایک دن میں کم از کم 38افراد ہلاک ہو گئے ہیں ۔انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں گزشتہ روز سب سے زیادہ 11اموات پرتاپ گڑھ میں رپورٹ کی گئیں۔ ایسے واقعات میں سلطان پور میں 7، چندولی میں 6، مین پوری میں 5، پریاگ راج میں4، اوریا، دیوریا، ہاتھرس، وارانسی اور سدھارتھ نگر میں ایک ایک موت رپورٹ کی گئی ۔ ان اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں درجنوں افراد جھلس کر زخمی بھی ہوئے ہیں۔
مشرقی اتر پردیش کے چندولی میں اس دوران کئی لوگ زخمی بھی ہوئے اور ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ضلع میں بدھ کی شام 4بجے سے شام 6بجے کے درمیان آسمانی بجلی گرنے کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔اتر پردیش کے ضلع چندولی میں زیادہ تر متاثرین جن میں 13اور 15سال کی عمر کے دو کزن بھی شامل ہیں، کھیتوں میں کام یا ماہی گیری کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک ہوئے۔سلطان پور میں ہونے والی7اموات میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ متاثرین میں سے کچھ لوگ دھان لگا رہے تھے اور کچھ پانی لانے گئے تھے۔ شدید بارش کے دوران ایک درخت کے نیچے پناہ لینے والی ایک خاتون آسمانی بجلی گرنے سے موقع پر ہی دم توڑ گئی۔اوریا میں ایک 14سالہ لڑکا بارش کے دوران آم کے درخت کے نیچے پناہ لینے کے دوران مر گیا۔
دیوریا میں 5سالہ بچی کھیتوں کی طرف جاتے ہوئے آسمانی بجلی گرنے سے دم توڑ گئی،وارانسی میں دو بھائیوں پر آسمانی بجلی گر گئی جن میں سے ایک جھلس کر دم توڑ گیا اور دوسرا اس وقت زیر علاج ہے۔بھارتی محکمہ موسمیات نے اتر پردیش اور اس سے ملحقہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اگلے پانچ دنوں میں شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔