اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیربرائے امورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے ایل او سی پر بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایل او سی پر بھارتی افواج کی اشتعال انگیزی اور جارحیت غیور کشمیری عوام کے عزم کو کسی صورت میں ہلا نہیں سکتی اور پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام تمام تر حالات میں اپنے مقبوضہ کشمیر کے بہنوں اور بھائیوں کے حق خوداردیت کی حمایت جاری رکھیں گے،
انہوں نے بھارتی اشتعال انگیزی کے نتیجے میں شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ کشمیری عوام نے پچھلے ستر سال میں ایک عظیم عزم و استقامت اور بہادی کا مظاہرہ کیا ہے اور کشمیری عوام کی قربانیاں کسی صورت میں راہگاں نہیں جائیں گی اور وہ دن دور نہیں جب بھارت کو مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا حق خوداردیت دینا پڑے گا ـ انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر رہائش پزیر عوام پاکستان کی پہلی دفاعی لائن کا کردار ادا کر رہے ہیں جسے پوری پاکستانی عوام انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ـ
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے آزاد کشمیر میں ایل او سی پر رہائش پزیر کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے جان و مال کی حفاظت کے لیے اربوں روپے مالیت کا ایل او سی پیکج شروع کیا ہے جس کی تکمیل سے ایل او سی پر رہائش پزیر عوام کو حفاظتی بنکرز اور بہترین شاہراوں کی صورت میں سہولیات میسر آئیں گی جس سے ایل او سی پر بھارتی جارحیت اور بلا اشتعال گولا باری سے نقصانات کو کم سے کم کرنے میں بھرپور مدد ملے گی۔
وفاقی وزیر نے ایل او سی اور بارڈر پر ملک کی حفاظت پر معمور پاک افواج کے افسران اور جوانوں کو بھی سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج نہ صرف پاکستان کی سرحدوں کی بھرپور انداز میں حفاظت کر رہی ہیں بلکہ ملک کو درپیش کورونا وائرس جیسے چیلنجز پر قابو پانے کے لیے بھی سول انتظامیہ کی بھرپور مدد کر رہی ہیں ـ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ان مشکل حالات میں پوری قوم نے اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہے تاکہ ملک کو درپیش موجودہ چیلنجز پر جلد قابو پایا جا سکے اور پائیدار ترقی کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے ۔