امریکا اور طالبان

امریکا اور طالبان ایک بار پھر مذاکرات کی میز پر آگئے،طالبان ترجمان کی تصدیق

واشنگٹن،دوحا(رپورٹنگ آن لائن)افغانستان میں قیام امن اور فوج کے انخلاءپر ہونے والے معاہدے پر مزید پیش رفت ہوئی ہے ،امریکہ اور طالبان حکام ایک بار پھر مذاکرات کی میز پر آگئے ہیں ،

امریکی حکام کے ساتھ رابطے پر طالبان ترجمان نے تصدیق کردی ہے ۔غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق طالبان وفد اور امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کے درمیان ویڈیو کانفرنس کے ذریعے مذاکرات ہوئے اس دوران انٹراافغان بات چیت اور خطے کی سلامتی سے متعلق بات چیت کی گئی۔

مائیک پومپیو اور طالبان وفد کے درمیان ہونی والی گفتگو میں افغانستان کی صورت حال اور ماضی میں ہونے والے تاریخی معاہدہ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوسری جانب ترجمان طالبان قطر دفتر نے مذاکرات کی تصدیق کردی۔ سہیل شاہین نے کہا کہ کانفرنس مذاکرات میں طالبان کے ڈپٹی ملا برادر بھی شریک ہوئے، طالبان نے پومپیو سے غیرملکی فوجیوں کا انخلا اور مزید قیدیوں کی رہائی پر بات کی۔ویڈیوکانفرنس میں انٹرا افغان مذاکرات اور تشدد میں کمی پر بھی گفتگو ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق دونوں فریقین میں طالبان اور افغان حکومت کے باہمی مذاکرات کے لیے رضا مندی پر بھی بات چیت ہوئی جس کا امریکی وزیر خارجہ سے اس اقدام کو خوش آئندہ قرار دیا۔