اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)اسلام آبادہائیکورٹ نے دسویں قومی مالیاتی کمیشن کی تشکیل کیخلاف(ن)لیگ کی مزیددستاویزات جمع کرانے کی متفرق درخواست منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آبادہائیکورٹ میں دسویں قومی مالیاتی کمیشن کی تشکیل کیخلاف(ن)لیگ کی درخواست پرسماعت ہوئی ، درخواست گزار نے وزیراعلیٰ سندھ کاخط عدالت میں جمع کرادیا جبکہ فنانس ڈویژن کی جانب سے جواب داخل نہ کرانے پ عدالت نے برہمی کا اظہار کیا ،فنانس ڈویژن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سندھ اوربلوچستان ہائیکورٹس میں بھی درخواستیں زیرسماعت ہیں ان درخواستوں کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں منتقل کرالیں،
عدالت نے استفسار کیاکہ کیاکیسزکی منتقلی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے ؟ جس پر فنانس ڈویژن کے وکیل نے بتایا کہ سپریم کورٹ میں ابھی تک ایسی کوئی درخواست دائرنہیں کی ،عدالت نے کہاکہ باقی درخواستیں دیکھی جائیں گی،زیرسماعت درخواست میں جواب دیں،عدالت نے کہاکہ آپ معاملے کی سنجیدگی کوسمجھ نہیں رہے،جسٹس گل حسن نے کہاکہ آئندہ سماعت پر جواب نہ آیاتوحکم امتناع جاری کر دینگے۔
عدالت نے (ن)لیگ کی مزیددستاویزات جمع کرانے کی متفرق درخواست منظور کرلی اورکمیشن پرتحفظات سے متعلق وزیراعلیٰ سندھ کاخط ریکارڈکاحصہ بنالیاگیا ،جسٹس گل حسن نے کہاکہ اٹارنی جنرل یاایڈیشنل اٹارنی جنرل آئندہ پیش ہوں،عدالت نے سماعت 27 جون تک ملتوی کردی۔