اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ایوان میں دو ممبران کی وڈیوز موصول ہوگئی ہیں، اس پر ہر حال میں کارروائی ہوگی۔
بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے آغاز پر مسلم لیگ )ن( کے چیف وہپ مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ سپیکر اسمبلی کے اقدامات کو سراہتا ہوں،ایوان میں کسی کی تضحیک نہیں ہونی چاہیے۔ ایوان کے تقدس کے لئے آپ کا بھرپور ساتھ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میری تحریک استحقاق آپ کے پاس موجود ہے، عمر ایوب نے میرا استحقاق مجروح کیا ہے۔ ان کی ویڈیو بھی منگوا لیں۔اس پر سپیکر نے کہا کہ میرے پاس دو وڈیوز آئی ہیں ایک حکومت اور ایک اپوزیشن کی ہے۔ میں ہر حال میں کارروائی کروں گا۔