اجمل وزیر فارغ

اجمل وزیر فارغ، کامران بنگش نئے مشیر اطلاعات تعینات

پشاور (رپورٹنگ آن لائن )وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اجمل وزیرسے مشیر اطلاعات کا قلمدان واپس لےکرمعاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش کو مشیر اطلاعات کا اضافی چارج سونپ دیا۔

چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا ایڈوائزرز اینڈ اسپیشل اسسٹنٹس ٹو چیف منسٹر (اپائنمنٹ) ایکٹ، 1989 کے سیکشن 3 کے ذریعے تفویض کردہ اختیارات کے تحت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اجمل خان وزیر سے فوری طور پر مشیر برائے اطلاعات اور تعلقات عامہ کا قلمدان واپس لے لیا ہے۔اس میں مزید کہا گیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے معاون خصوصی برائے بلدیاتی حکومت، انتخابات اور دیہی ترقی کامران بنگش کو مشیر برائے اطلاعات اور تعلقات عامہ کا چارج سونپ دیا ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

خیبرپختونخوا کے نئے مشیر اطلاعات کامران بنگش نے بتایا کہ ایک آڈیو لیک ہونے کے بعد اجمل وزیر کو عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجمل وزیر کی جانب سے اشتہاری ایجنسی سے کمیشن لینے کی کچھ چیزیں سامنے آئی ہیں اور اس حوالے سے فرانزک تحقیقات کی جائیں گی۔کامران بنگش کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو بھی اس معاملے سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ اجمل وزیر کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق میڈیا کو جلد تفصیلی بریفنگ دوں گا۔

علاوہ ازیں کرپشن چارجز کے تحت سابق مشیر اطلاعات اجمل وزیر پر مبینہ کرپشن چارجز کی تحقیقات کے لیے انکوائری تشکیل دے دی گئی ۔دریں اثنا ءوزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے سابق مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ اجمل وزیرکی حالیہ آڈیو ٹیپ منظر عام آنے کی فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کی ہدایات جاری کردی ہیں ۔

وزیراعلی سیکرٹریٹ خیبر پختونخوا پشاور سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وزیر اعلی اجمل وزیر کی آڈیو پیٹ لیک ہونے کے معاملے کی فیکٹ فائنڈنگ انکوائری چاہتے ہیں ۔